14 اگست ، 2012
کراچی … فرقان احمد یوسفی… زندگی کے مختلف شعبوں کی طرح شوبز سے وابستہ فنکاروں نے بھی 65/واں جشن آزادی پورے قومی و ملی جذبے کے ساتھ منایا، گھروں پر قومی پرچم لہرائے اور قومی ترانہ پڑھا۔ کئی فنکاروں نے مزار قائد پر حاضری بھی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آزادی کے موقع پر کراچی میں عیدالفطر پر ہونے والے اسٹیج ڈراموں ”ہم سب عید سے ہیں“ اور ”غریبوں کا چاند امیروں کی عید“ کی ریہرسلز میں فنکاروں نے پاکستان کی یوم آزادی کا کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور ملی نغمے بھی گائے۔ اس موقع پر اداکارہ روفی انعم اور نائیلہ رحمن نے جشن آزادی کے مو قع پر ملک کو شاد آباد اور پر امن رہنے کی دعا دی۔ پروڈیوسرفرقان حیدر اور شہزاد عالم یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کچھ اداس بھی نظرآئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انگریزوں سے آزاد کرواکر اپنوں نے آج کل اپنا غلام بنایا ہوا ہے کاش وہ دن ہماری زندگی میں آجائے جب ہر کوئی خود کو آزاد محسوس کرے۔ اداکار شکیل صدیقی نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ایک مرتبہ پھر متحد ہوکر اپنی تقدیر کو بدل کر دکھائے گی۔ اداکار سکندر صنم اور صفدر حیدر نے تہہ دل سے جشن آزادی کی مبارکباد دی اور کہاکہ قوم کو اس سال رمضان میں دہری خوشی دیکھنے کو ملی ہے کیونکہ جشن آزادی کے چند روز بعد ہمارا مذہبی تہوار عیدالفطر آئے گا۔ اداکار کاشف خان خراب ملکی حالات کے باوجود بے حد پرجوش نظرآئے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ نوجوانوں کا حوصلہ ملک کو خوشحالی کی طرف لے آئے گا۔