کھیل
14 اگست ، 2012

پاکستانی امپائر اسد رؤف شادی کا وعدہ کر کے مکر گئے،بھارتی ماڈل لینا کپور

پاکستانی امپائر اسد رؤف شادی کا وعدہ کر کے مکر گئے،بھارتی ماڈل لینا کپور

لاہور…بھارت کی ایک ماڈل گرل نے معروف پاکستانی امپائراسد روٴف پر شادی کا وعدہ کر کے مْکر جانے کا الزام لگایا ہے، تاہم اسد روٴف نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔بھارتی ماڈل گرل لینا کپور نے اسد روٴف کے خلاف پولیس کو تحریری درخواست دی ہے۔ لینا کا دعویٰ ہے کہ اْس کی اور اسد روٴف کی ملاقات چھ ماہ پہلے سری لنکا میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد بھی ان کی بھارت میں ملاقاتیں ہوتی رہیں جہاں اسد روٴف آئی پی ایل اور دیگر ٹورنامنٹس میں امپائرنگ کے لئے آتے رہے۔ لینا کپور کے مطابق شادی شدہ اور دو بچوں کے باپ اسد روٴف نے اس کے ساتھ دوسری شادی کا وعدہ کیا تھا۔ کچھ روز پہلے اس نے اسد روٴف کو پاکستان فون کیا تو انہوں نے بات نہیں کی اور بعد میں فون کرکے اس سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لینا کپور کی درخواست پر جلد تحقیقات کی جائیں گی۔دوسری جانب اسد روٴف نے جیو نیوز سے گفت گو میں لینا کپور کے الزامات کو قطعی غلط قرار دیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے لینا کپور سے کوئی وعدہ نہیں کیا ، وہ صرف سستی شہرت کے لیے ایسے الزامات لگارہی ہے ، اسد روٴف نے کہا کہ انہیں آئی سی سی نے فوری ردعمل ظاہر کرنے سے منع کیا ہے ، وہ اس معاملے پر اپنے وکیل سے بات کررہے ہیں۔اسد روٴف کا شمار پاکستان کے انتہائی قابل امپائرز میں ہوتا ہے جو آئی سی سی کے الیٹ پینل میں شامل ہیں اور وہ آئندہ پاک آسٹریلیا سیریز میں بھی امپائرنگ کریں گے۔


مزید خبریں :