05 ستمبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پری سیزن کیمپ میں اپنی فٹنس سے سب کو متاثر کردیا۔
ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی سرفراز احمد کی تعریف کیئے بنا نہ رہ سکے لیکن ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ کپتانی 'ریویو' ہو رہی ہے۔
انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ اور اس سے پہلے سرفراز احمد کو اپنی فٹنس کی وجہ سے بڑی باتیں سننا پڑی ہیں۔ کسی نے انہیں 'اوور ویٹ' کہا تو کسی نے ان فٹ قرار دے دیا اور کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کی وجہ بھی فٹنس کو قرار دے دیا۔
لیکن پری سیزن کیمپ جو لاہور میں شدید گرم اور حبس والے موسم میں جاری رہا اس میں کپتان سرفراز احمد نے خوب محنت کی اور اپنے وزن کو حیران کن طور پر کم کرتے ہو ئے فٹنس کو بہتر بنایا۔
بتایا گیا ہے کہ سرفراز احمد نے 7 سے 9 کلو گرام تک وزن کم کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق سے جب سرفراز احمد کی کپتانی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے سرفراز احمد کی فٹنس کی تعریف تو کی لیکن کپتانی کے حوالے سے کہا کہ اس پر سوچ بچار ہورہی ہے۔