Time 11 ستمبر ، 2019
کھیل

’نیدرلینڈز کے 6 کھلاڑیوں کو ٹائیفائڈ اور باقیوں کو بخار ہوجائے تو پاکستان جیت سکتا ہے‘

اولمپک کوالیفائر میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دو میچ 26 اور 27 اکتوبر کو ایمسٹرڈیم میں کھیلے جائیں گے— فوٹو: فائل 

لاہور: سابق اولمپیئنز نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی اولمپک کوالیفائر 2020ء کی تیاریوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کو جاپان کے شہر ٹوکیو میں 24 جولائی 2020ء کو شروع ہونے والے اولمپکس ہاکی مقابلوں کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم نیدرلینڈز (ہالینڈ) کو شکست دینا ہوگی۔

اولمپک کوالیفائر میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دو میچ 26 اور 27 اکتوبر کو ایمسٹرڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

جیو نیوز  سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپئن سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کی ناقص حکمت عملی کے پیش نظر ہالینڈ سے جیتنا معجزے سے کم نہیں ہوگا، فیڈریشن نے بہت سارے لوگوں کو جمع تو کر لیا ہے لیکن تیاری صفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہالینڈ اسی صورت میں ہار سکتی ہے کہ اگر اس کے 6 کھلاڑیوں کو ٹائیفائیڈ ہو جائے اور باقی کھلاڑی شدید بخار میں مبتلا ہوں بصورت دیگر اولمپک میں پاکستان ٹیم کا کھیلنا مشکل ہی دکھائی دے رہا ہے۔

دوسری جانب 1992ء کے بارسلونا (اسپین ) اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے رکن اولمپئن قمر ابراہیم کا کہنا ہے کہ ہالینڈ سے مقابلہ کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا تاہم اب مینجمنٹ کو اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے سر دھڑ کی بازی لگا دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جیت کے جذبے سے مقابلہ کرنا ہوگا کیوں کہ اب ہمارے پاس اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کے ’سی ای او‘ طیب اکرام سے رابطہ کرنا چاہیے کہ یورپ میں ہالینڈ سے مقابلے سے قبل ہمیں چند پریکٹس میچ دیے جائیں جو کہ ایک اچھا اقدام ہوگا، کیوں کہ ہمارے لیے آنے والی صورتحال خاصی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

مزید خبریں :