13 ستمبر ، 2019
پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئین شپ میں شرکت سے محروم ہوگئی جس کی وجہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے این او سی جاری نہ کیا جانا ہے۔
پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم رواں سال دوسرے انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوئی ہے۔ ۔ٹیم آفیشل صبا وارث کے مطابق فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے این او سی مانگ رکھا تھا لیکن بورڈ کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔
صبا وارث کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اپنی مدد آپ کے تحت ایونٹ میں شرکت کیلئے جانا تھا، حکومت نے نہ فنڈز دیے نہ این او سی جاری کیے۔
قومی ٹیبل ٹینس ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے آج انڈونیشیا روانہ ہونا تھا، ٹیبل ٹینس ٹیم 8 کھلاڑیوں اور دو آفیشلز پر مشتمل ہے۔ ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئین شپ 15 سے 22 ستمبر تک کھیلی جانی ہے۔