دنیا
Time 15 ستمبر ، 2019

نامور بھارتی سیاستدان پاکستان کے حق میں بول پڑے

بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا اور وہ خود پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے گواہ ہیں، شرد پوار — فوٹو: فائل 

بھارتی سیاسی جماعت نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار بھی پاکستان کے حق میں بول پڑے ہیں۔

ممبئی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میں شرد پوار کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان میں لوگ ناخوش ہیں بلکہ بھارت کی ایک خاص پارٹی کا پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف بنائے گئے بیانیے کا مقصد سیاسی فائدہ تھا۔

شرد پوار  کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا اور وہ خود پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے گواہ ہیں۔

سابق یونین وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مانتے ہیں کہ اگر وہ بھارت میں اپنے رشتہ داروں سے نہیں مل سکتے تو کسی بھی بھارتی سے اپنے رشتہ دار ہی کی طرح برتاؤ کرتے ہیں۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر بھی بھارتی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ 

شرد پوار کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا نے ان کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور ان پر پاکستانیوں کے حق میں بیان دینے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

شرد پوار بھارتی ریاست ممبئی کے وزیراعلیٰ اور مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :