21 ستمبر ، 2019
کراچی میں آئندہ چار روز تک ہیٹ ویو جیسی صورت حال رہنے کا امکان ہے۔
شہر قائد میں مئی کے بعد اکتوبر گرم ترین مہینوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اس دوران ہیٹ ویو آنے کے امکانات بھی رہتے ہیں، کراچی میں معتدل ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جو 24 ستمبر تک برقرار رہے گی، اس دوران دوران پارہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب کے مشرقی وسطی حصے میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جو آئندہ دو دن کے دوران ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے، یہ ڈپریشن کراچی میں آئندہ چار روز تک معتدل ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا کرنے کا باعث بنے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہے اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے اثرات جنوب اور جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پر محوس کیے جا سکتے ہیں جب کہ 24 اور 25 ستمبر کے دوران مٹی کے طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران مطلع صاف رہنے اور سورج کی تپش براہ راست زمین پر پڑنے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائیگی جب کہ میدانی اور خشک علاقوں کی ہوائیں موسم گرم رکھیں گی۔
حکومت سندھ نے کراچی میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر تمام سرکاری اسپتالوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے اسپتالوں میں خصوصی وارڈ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور ڈائریکٹر ہیلتھ آفیس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔