24 ستمبر ، 2019
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اب متحدہ عرب امارات میں نہیں بلکہ اپنے ملک میں ہی کھیلیں گے کیونکہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا اب کوئی مسئلہ نہیں جب کہ یو اے ای میں ویسے بھی کرکٹ بہت مہنگی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد سری لنکا سے ٹیسٹ میچز پاکستان میں کرانا ہمارا اگلا ہدف ہے۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ سری لنکا کو پاکستان میں کھیلنے کا کوئی اضافی پیسہ نہیں دیا ہے، سری لنکا کی انٹرنیشنل ٹیم آرہی ہے اور شائقین کو بھرپور کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے نوجوان پلیئرز کو بھی خود کو ثابت کرنا ہے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے کافی اہم ہے اور وہ پی ایس ایل فرنچائزوں کے تحفظات کو دور کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کا مزید کہنا تھا کہ "ہمیں انڈیا کے ساتھ کہیں بھی کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں"
انہوں نے کہ کہ دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ بھی پاکستان سے کرکٹ کھیلنے کا خواہشمند ہے لیکن انہیں حکومتی اجازت کا مسئلہ ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد بطور کپتان مکمل بااختیار ہے، مصباح الحق کو بھی اس بات کا اندازہ ہے۔
وسیم خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بااختیار ضرور لیکن بورڈ کو جوابدہ بھی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹرز کی ڈپارٹمنٹس کے ساتھ وابستہ نوکریوں کو ختم نہیں کررہے بلکہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں ڈپارٹمنٹس کی نوکری کے حوالے سے شق کو ختم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش یہی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جائے۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم پہلے ہی دورہ پاکستان کیلئے ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہے۔
سری لنکن ٹیم 27ستمبر کو پہلا ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے گی جس کے بعد سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز بالترتیب 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 5 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے بعد بقیہ دونوں میچز کی میزبانی کی بھی قذافی اسٹیڈیم 7 اور 9اکتوبر کو کرے گا۔