Time 24 ستمبر ، 2019
کھیل

کرکٹ کھیلنے کیلئے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگیں گے، چیئرمین پی سی بی

احسان مانی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ انہیں اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں ملا کہ بھارت نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی باتیں کر رہا ہے— فوٹو: فائل

‏پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کھیلنے کیلئے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگیں گے، ‏پیسہ دے کر پاکستان بلا کر کھلانا ’شارٹ ٹرم‘پالیسی ہے، جو پاکستان آکر کھیلنا چاہتا ہے اسے خوش آمدید کہیں گے۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ انہیں اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں ملا کہ بھارت نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی باتیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے پہلے دن کہا تھا کہ کہ کرکٹ کھیلنے کیلئے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگوں گا، آج بھی اس بات پر قائم ہوں، بھارت کا آنا یا نہ آنا، کھیلنا یا نہ کھیلنا ان کے ہاتھ میں ہے، ہم نے کبھی انکار نہیں کیا‘۔

احسان مانی نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ یہ تھوڑا فریب اور منافقت ہے کہ وہ ہم سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ایونٹس میں تو کھیلتے ہیں لیکن پھر وہ تھوڑے سے سلیکٹڈ ہو جاتے ہیں اور اس کے علاوہ نہیں کھیلتے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں ان کے پیچھے جانے کی ضرورت نہیں ہے، اگر ہماری ٹیم اچھا کھیلتی ہے جس کیلئے ہم بہت کام کر رہے ہیں، اسی لیے ہم نے اپنا اسٹرکچر بھی تبدیل کیا ہے تاکہ ہماری ٹیم ورلڈ کلاس ہو اور اس کی کارکردگی میں تسلسل ہو، اگر ایسا ہو جاتا ہے تو سب ٹیمیں خود بخود ہمارے ساتھ کھیلنا چاہیں گی‘۔

مزید خبریں :