27 ستمبر ، 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان منسوخ ہونے والا میچ نیشنل اسٹیڈیم کی تاریخ کا پہلا میچ ہے جو بارش کے باعث منسوخ ہوا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوپہر تین بجے شروع ہونا تھا جبکہ ٹاس کا وقت ڈھائی بجے تھا تاہم تیز بارش کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہو سکا۔
تیز بارش کی وجہ سے نیشنل اسٹیڈیم تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ کھلاڑی ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر بارش تھمنے کا انتظار کرتے رہے، بعد ازاں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ منسوخ کردیا گیا۔
یہ میچ کراچی کے انٹرنیشنل گراؤنڈ کی تاریخ کا پہلا ایک روزہ مقابلہ ہے جو بارش کے باعث منسوخ ہوا۔
اس سے قبل نیشنل اسٹیدیم میں تین ایک روزہ میچز منسوخ ہو چکے ہیں، پہلا میچ 1982 میں آسٹریلیا کے خلاف عوام کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے منسوخ ہوا۔
دوسرا میچ بھی آسٹریلیا کے خلاف 1988 میں ہنگامہ آرائی کے باعث منسوخ ہوا جب کہ تیسرا میچ بھارت کے خلاف 1989 میں منسوخ ہوا۔
اس کے علاوہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز بھی 1984 اور 2002 میں منسوخ ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ روشنیوں کے شہر کراچی میں 10 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز ہونے جارہی ہے جس میں پاکستان اور سری لنکا 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔