27 ستمبر ، 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ، دونوں ٹیمو ں کے درمیان میچ اب اتوار کی بجائے پیر کو کھیلا جائے گا۔
تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 29 ستمبر اتوار کو کھیلا جانا تھا تاہم موسم اور گراؤنڈ کی صورتحال کے پیش نظر اب دوسرا ون ڈے پیر 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے مطابق میچ کو ری شیڈول کرنے کا مقصد گراؤنڈ اسٹاف کو میدان کھیل کے قابل بنانے کیلئے درکار وقت دینا تھا، سری لنکن ٹیم منجمنٹ کا شکریہ کہ انہوں نے پی سی بی کے فیصلے سے اتفاق کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شائقین کرکٹ اتوار کیلئے خریدے گئے ٹکٹوں کو پیر کے میچ میں استعمال کرسکتے ہیں جبکہ ری فنڈ پالیسی کے تحت جمعہ کے میچ کیلئے خریدے گئے ٹکٹوں کے پیسے واپس کردیے جائیں گے یا پھر شائقین چاہیں تو اسے دوسرے یا تیسرے ون ڈے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔
ساتھ ساتھ جو مداح اتوار کیلئے خریدے گئے ٹکٹ پر پیر کو میچ دیکھنے کے خواہشمند نہیں وہ بھی ٹکٹ ری فنڈ کرواسکتے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ بھی 2 اکتوبر کو کراچی میں ہی ہونا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا ہے۔
پہلا ایک روزہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوپہر تین بجے شروع ہونا تھا جب کہ ٹاس کا وقت ڈھائی بجے تھا تاہم تیز بارش کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہو سکا۔
تیز بارش کی وجہ سے نیشنل اسٹیڈیم تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جب کہ کھلاڑی ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر بارش تھمنے کا انتظار کرتے رہے۔بارش رکنے کے باوجود گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔
یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تاریخ کا پہلا ایک روزہ مقابلہ ہے جو بارش کے باعث منسوخ ہوا۔
اس سے قبل نیشنل اسٹیدیم میں تین ایک روزہ میچز منسوخ ہو چکے ہیں، پہلا میچ 1982 میں آسٹریلیا کے خلاف عوام کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے منسوخ ہوا۔
دوسرا میچ بھی آسٹریلیا کے خلاف 1988 میں ہنگامہ آرائی کے باعث منسوخ ہوا جب کہ تیسرا میچ بھارت کے خلاف 1989 میں منسوخ ہوا۔
اس کے علاوہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز بھی 1984 اور 2002 میں منسوخ ہو چکے ہیں۔