پاکستان
16 اگست ، 2012

کامرہ ایئر بیس پر حملہ:دوطرفہ فائرنگ میں 6دہشتگرد ہلاک،مقابلہ جاری

 کامرہ ایئر بیس پر حملہ:دوطرفہ فائرنگ میں 6دہشتگرد ہلاک،مقابلہ جاری

اٹک… کامرہ ایربیس پردہشت گردوں نے حملہ کیاہے۔سیکیورٹی فورسزاورشدت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کاسلسلہ جاری ہے۔حملے میں ایربیس پرآگ لگ گئی جس پرقابو پالیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کمانڈوزسے جھڑپ میں پانچ سے چھ دہشت گردمارے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسزکے چند اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں ان میں سے ایک اہلکارکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دہشت گردوں نے پی ایف بیس منہاس پرحملہ کیاہے اوردو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو آگے بڑھنے سے روک دیا ہے اوراُن کی کوشش ہے کہ دہشت گردوں کو ایک جگہ گھیر کر محدود کردیا جائے۔ایربیس پرموجود طیارے محفوظ ہیں جبکہ اس بیس پرجے ایف تھنڈرطیارے موجود نہیں ہیں۔علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس، پیراملٹری فورسز اور قانون نافذکرنے والے دیگر ادارے کے اہلکاربھی علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔فضائیہ کے ترجمان کاکہنا ہے کہ ایک دہشت گردکی لاش مل گئی ہے جس کے جسم پردھماکا خیزموادبندھا ہواتھا۔سیکیورٹی ذرائع کاکہنا ہے کہ کمانڈوزسے جھڑپ میں پانچ سے چھ دہشت گرد مارے گئے ہیں تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے،، ذرائع کے مطابق حملہ آور جن کی تعدادنو سے دس بتائی جاتی ہے پنڈ سلمان مکھن کی جانب سے ایربیس میں داخل ہوئے جو فورسز کی یونی فورم میں ملبوس ہیں۔رات 2 بجے سے سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کاسلسلہ جاری ہے۔حملہ آور دستی بم بھی استعمال کر رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دہشت گردوں نے راکٹ لانچروں کابھی استعمال کیا اورکئی گھنٹوں سے شدید فائرنگ ہورہی ہے۔ اس ایربیس پر تیس کے قریب طیارے موجود ہوتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے تمام ائیر پورٹس اور ائیر بیس کے اطراف میں سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دسمبر دوہزارسات میں بھی کامرہ ایربیس پر خودکش کاربم دھماکے سے ایک اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ایربیس ملازمین کے پانچ بچے زخمی ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :