03 اکتوبر ، 2019
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا ہے کہ بگ بیش میں کھیلنا صرف میرے لیے ہی نہیں بلکہ پاکستان ویمن کرکٹ کی دیگر پلیئرز کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا۔
ندا ڈار نے گزشتہ دنوں بگ بش ٹیم سڈنی ٹھنڈرز سے معاہدہ کیا، وہ اس لیگ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔
جیو سے خصوصی گفتگو میں ندا ڈار نے کہا کہ ان کی بگ بیش لیگ میں شرکت کے بعد دیگر پاکستانی پلیئرز کی بھی اس لیگ میں شرکت کی راہیں ہموار ہوں گی۔
انہوں کہا کہ بگ بیش ہو یا کوئی اور ٹورنامنٹ، وہ بطور پاکستان کی نمائندہ وہاں شرکت کرتی ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں بھی کوشش ہو گی کہ بہتر سے بہتر پرفارم کرکے پاکستان کا نام روشن کروں۔
قومی ویمن کرکٹر کا کہنا تھا کہ بگ بیش میں کھیلنا ان کا خواب تھا کیونکہ آسٹریلیا میں بہترین کرکٹ ہوتی ہے، وہاں بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، بڑے پلییئرز کا مائنڈ سیٹ اور گیم پلان کا پتہ چلے گا۔
ندا ڈار نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی آسٹریلیا میں ہونا ہے، اس سے پہلے یہ لیگ کھیلنا صرف میرے لیے نہیں بلکہ پاکستانی کی دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا، جو کچھ میں وہاں سے سیکھ کر آؤں گی اسے دیگر ساتھی کرکٹرز کے ساتھ بھی شیئر کروں گی۔
ایک سوال پر ندا ڈار نے کہا کہ بگ بیش ٹیم نے جو ان پر اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ندا ڈار کو بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے ریلیز کر دیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کی سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ نہیں ہے اور تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ندا ڈار کو بنگلا دیش کی سیریز چھوڑ کر بگ بیش لیگ کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ وہاں جا کر سیکھ سکیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش ویمن کرکٹ ٹیم پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے اس ماہ کے آخر میں لاہور پہنچ رہی ہے۔