Time 03 اکتوبر ، 2019
کھیل

’سرفراز احمد کارکردگی دکھائیں گے تو ٹیم میں رہیں گے‘

سری لنکا سے سیریز کے مثبت پہلو پوری دنیا کو بتائیں تاکہ دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان لانے میں مدد مل سکے ،سابق کپتان ،فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد کارکردگی دکھائیں گے تو ٹیم میں رہیں گے۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد لطیف کے حوالے سے کہا کہ سرفراز احمد ٹیم کا اہم رکن ہے لیکن اسے کارکردگی دکھانا پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی وکٹوں کے پیچھے بھی ضروری ہے اور وکٹوں کے آگے بھی۔

سابق کپتان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا کہ وہ سری لنکا سے سیریز کے مثبت پہلو پوری دنیا کو بتائیں تاکہ دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان لانے میں مدد مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ باہر بیٹھے لوگوں کو پاکستان کے حقائق کا اندازہ نہیں ، اس لیے ضروری ہے کہ وہ دنیا کو ، خاص طور پر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کو آگاہ کریں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے انتظامات کس قدر بہتر ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں میں بھی انٹرنیشنل ٹیموں کو پاکستان لانے کی کوشش کرے تاکہ دیگر اسپورٹس کی سیریز کو بنیاد بناکر کرکٹ ٹیموں کو پاکستان لانے کا حوصلہ دیا جاسکے۔

کراچی میں ون ڈے سیریز کے حوالے سے راشد لطیف کا کہنا تھا کہ کہ ورکنگ ڈے اور پھر موسم کی مشکلات کے باوجود بھی کراچی والے گراؤنڈ آئے اور ٹیم کو سپورٹ کیا جو کہ قابل تعریف ہے۔

قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کپتان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا سیزن ابھی شروع ہوا ہے، ابھی تو خامیاں سامنے آئیں گی، آگے جاکر دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتر ہوتا اگر پی سی بی سابق کرکٹرز کو بلاکر ان سے اپنے منصوبوں کے بارے میں بات کرتا اور ہماری رائے بھی سنتا تو چیزیں بہتر ہوسکتی تھیں۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ مناسب یہ عمل ہوتا اگر ٹیمیں صوبوں کی بجائے شہروں کے نام پر ہوتی، اس سے اونرشپ میں اضافہ ہوتا۔

مزید خبریں :