Time 03 اکتوبر ، 2019
کھیل

پاکستان سے ٹی 20 میں اور بھی بہتر مقابلہ کریں گے، سری لنکن اوپنر

 
چند ماہ سے ٹیم سے آؤٹ تھے لیکن انہیں خوشی ہے کہ یہاں آکر انہوں نے سنچری اسکور کی،دنوشکا گوناتھلکا،فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن بلے باز  دنوشکا گوناتھلکا کا کہنا ہے کہ نوجوان سری لنکن ٹیم نے مضبوط پاکستانی ٹیم کیخلاف جس طرح کی کرکٹ کھیلی وہ سری لنکا کرکٹ کیلئے کافی مثبت ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کیلئے قابل فخر ہے۔

کراچی میں پاکستان کیخلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے سری لنکن بیٹسمین دنوشکا گوناتھلکا کا کہنا تھا وہ گزشتہ چند ماہ سے  ٹیم سے آؤٹ تھے لیکن انہیں خوشی ہے کہ یہاں آکر انہوں نے سنچری اسکور کی۔

 ایک سوال پر  دنوشکا گوناتھلکا کا کہنا تھا کہ انہیں یہاں آنے سے پہلے اندازہ تھا کہ پاکستان سے سیریز ان کیلئے کافی اہم ہے، تمام نوجوان کرکٹرز اس سیریز میں خود کو منوانا چاہتے تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم کی اعزای تختی میں نام درج ہونے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے معلوم نہیں تھا کہ یہاں آنر بورڈ بھی ہے، اس پر نام آنا مسرت کی بات ہے۔

 سری لنکن بلے باز نے مزید کہا کہ سری لنکا کیلئے سیریز کافی مثبت رہی ہے، ٹی 20 میں اور بھی بہتر مقابلہ ہوگا کیوں کہ نوجوان سائیڈ ٹی 20 میں بہتر ہے۔

سری لنکن اوپنر نے مزید کہا کہ وہ 2017 میں بھی پاکستان آچکے ہیں اور یہاں کی میزبانی اور سیکیورٹی نے انہیں بہت متاثر کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے تاریخی حیثیت رکھنے والی سیریز کھیلنے آنا ان کیلئے بھی اعزاز کی بات ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم اس وقت پاکستان میں موجود ہے جہاں تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کو 0-2 سے شکست ہوئی ، جب کہ ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز لاہور میں 5 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔

مزید خبریں :