کھیل
Time 13 اکتوبر ، 2019

پی سی بی کا سری لنکن بورڈ کے صدر کے بیان پر مایوسی کا اظہار


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا کے بیان پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا کے کولمبو میں بیانات کے بعد پی سی بی کا سری لنکا کرکٹ کے مختلف عہدیداران سے رابطہ ہوا ہے جس میں پی سی بی نے تمام معاملات اور صورتحال کے حواکے سے آگاہ کیا۔

پی سی بی نے واضح کیا کہ سری لنکا کرکٹ کی درخواست پر صدارتی لیول کی سیکیورٹی فراہم کی اور مہمان کھلاڑیوں کو لاہور اور کراچی میں گالف کھیلنے اور شاپنگ کرنے کی پیشکش کی تھی۔

پی سی کے مطابق دونوں شہروں میں حکومت کی جانب سے عشائیوں کا انتظام بھی کیا گیا تھا اور اس بارے میں سری لنکا کرکٹ کو بروقت آگاہ بھی کیا گیا تاکہ وہ پروگرام ترتیب دے سکیں لیکن سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کی ہر پیشکش اور دعوت کو ٹھکرایا۔

پی سی بی کا ماننا ہے کہ شامی سلوا نے کولمبو میں پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر غیر مناسب تبصرہ کیا، اسی لیے ان کے بیانات پر سخت مایوسی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ سری لنکن بورڈ کے صدر نے کھلاڑیوں کے ہوٹل میں ہی قیام اور 3 دنوں میں ہی بیزار ہونے کی بات کی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سری لنکن کرکٹ ٹیم 24 ستمبر کو کراچی پہنچی تھی۔ 

سری لنکا کرکٹ ٹیم نے 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی تھی جس میں انہیں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔ 

سری لنکن ٹیم نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز لاہور میں کھیلی اور پاکستان کو کلین سوئپ کیا۔ 

مزید خبریں :