جہاز تیار ہے نواز شریف جہاں سے چاہیں علاج کیلئے ڈاکٹر بلوا سکتے ہیں، یاسمین راشد

 نواز شریف کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ انہیں قوت مدافعت کو متاثر کرنے والی بیماری لاحق ہے،یاسمین راشد ،فوٹو: فائل

پنجاب کی  وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ جہاز تیار کھڑا ہے میاں نواز شریف جہاں سے چاہیں اپنے علاج کیلئے ڈاکٹر بلوا سکتے ہیں۔

سروسز اسپتال لاہور میں میاں نواز شریف کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کو علاج کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بیرون ملک علاج کیلئے جانے کا نہیں کہا تاہم باہر جانے کے حوالے سے اجازت عدالت سے لینا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاز تیار کھڑا ہے میاں نواز شریف جہاں سے چاہیں اپنے علاج کیلئے ڈاکٹر بلوا سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ نواز شریف کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ انہیں قوت مدافعت کو متاثر کرنے والی بیماری لاحق ہے ،رپورٹ کے مطابق نواز شریف کا بون میرو بالکل درست ہے ،ماہر امراضِ خون ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق دو سے تین دن میں نواز شریف کی طبیعت نارمل ہو جائے گی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے اپنے علاج پراطمینان کا اظہار کیا ہے ،پورا ٹریٹمنٹ پلان نواز شریف کی مرضی کے بعد ترتیب دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت اور پارٹی ترجمانوں کو نواز شریف کی صحت سے متعلق بیان بازی سے روک دیا، ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن ان کی صحت کیلئے  دل سے دعا گو ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہےکہ نواز شریف کو پاکستان میں ہر ممکن طبی سہولیات دی جائیں گی، ان کی بیماری کا علاج پاکستان میں موجود ہے تاہم نواز شریف سے متعلق عدالت جو فیصلہ کرے گی اسےمن و عن تسلیم کریں گے۔

ادھر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک اسپتالوں میں پڑا ہر مریض نواز شریف ہے، اشرافیہ ان کی ترجیح نہیں۔

فردوس عاش اعوان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیماری کاعلاج پاکستان میں نہیں توعدالتی حکم پرباہر بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم علالت کے باعث 21 اکتوبر سے سروسز اسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں، انہیں  طبیعت ناساز ہونے پر نیب لاہور کے دفتر سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

 نواز شریف کے پلیٹیلیٹس تشویشناک حد تک کم ہو گئے تھے جس کے بعدانہیں 3 میگا یونٹس پلیٹیلیٹس لگائے گئے۔

نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کے مرض کی ابتدائی طور پر تشخیص کر لی گئی ہے۔

پروفیسر محمود ایاز نے بتایا کہ نواز شریف کی تلی کے بے ترتیب کام کرنے سے پلیٹلیٹس ٹوٹ رہے ہیں، انہیں ایک دوا شروع کرا دی گئی ہے جب کہ دوسری دوا پورے جسم کے اسکین کے بعد شروع کرائی جائے گی۔

ڈاکٹر محمود ایاز کے مطابق امید ہے تین سے چار روز میں نواز شریف کی طبعیت میں بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

مزید خبریں :