Time 26 اکتوبر ، 2019
کھیل

پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہی ہوگی، پی سی بی نے شیڈول بھیج دیا


پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہی ہوگی ، پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے شیڈول سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھیج دیا۔

مختصر دورانیے کے بعد اب پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دسمبر میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول ہے، فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے ٹیسٹ میچزآئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں ، پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا لیکن ذرائع کے مطابق سیریز کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا شیڈول سری لنکا کرکٹ کو بھجوا دیا ہے جس پر اتفاق کے ساتھ ہی جلد باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا ۔

ذرائع کاکہنا ہے ٹیسٹ سیریز 11 سے 23 دسمبر تک پاکستان میں ہی ہو گی ۔ پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا اختتام کراچی ٹیسٹ سے ہو گا۔

سری لنکا کرکٹ نے کرسمس سے قبل سیریز ختم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔

خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم نے ستمبر کے آخر میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں تین ون ڈے میچز کی سیریز کراچی میں جبکہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز لاہور میں کھیلی گئی تھی۔

ون ڈے سیریز میں پاکستان نے 0-2 جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید خبریں :