26 اکتوبر ، 2019
پاکستان کے ٹاپ جوڈوکا شاہ حسین شاہ ابوظہبی گرینڈ سلیم میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹوکیو اولمپکس میں جگہ بنانے کے قریب پہنچ گئے۔
یہ جوڈو گرینڈ سلیم میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بہترین پرفارمنس ہے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اگر شاہ حسین اپنی پوزیشن برقرر رکھتے ہیں تو وہ کانٹی نینٹل کوٹہ پر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرلیں گے۔
ابوظہبی جوڈو گرینڈ سلیم میں مائنس 100 کے جی ویٹ کیٹیگری میں حسین شاہ کو پہلے راؤنڈ میں بائی ملی، جس کے بعد دوسرے راؤنڈ میں انہوں نے یوکرین کے عالمی نمبر 55 اینٹون سیوٹسکی کو شکست دی ، تیسرے راؤنڈ میں پاکستانی جوڈوکا نے عالمی نمبر 28 ازبکستان کے محمد کریم خرماؤ کو مات دی تاہم کوارٹر فائنل میں انہیں آذربائیجان کے کھلاڑی نے شکست دے دی جس کے بعد ری پیج کی پہلی فائٹ میں شاہ حسین شاہ نے چین کے ایری ہمباتو کو شکست دی لیکن میڈل فائٹ میں پاکستانی کھلاڑی کو کینڈا کے عالمی نمبر چار شیڈی ایلناس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
گرینڈ سلیم میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد شاہ حسین شاہ کو کم از کم 350 پوائنٹس ملنے کا امکان ہے جس کے بعد وہ اولمپکس کوالیفکیشن کیلئے مستحکم پوزیشن میں آگئے ہیں۔
پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود احمد کے مطابق حتمی رینکنگ ایک دو روز میں طے ہوجائے گی تاہم اگر حسین شاہ اس وقت اپنی پوزیشن کو برقراررکھتے ہیں تو وہ کانٹی نینٹل کوٹہ پر اولمپکس میں جگہ بناسکتے ہیں ۔
شاہ حسین شاہ اب آسٹریلین گراں پری میں شرکت کریں گے جس کے بعد ہانگ کانگ میں بھی ایک ٹورنامنٹ کھیلیں گے، جوڈو فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ان ایونٹس میں شرکت سے شاہ حسین شاہ کی اولمپکس کیلئے پوزیشن اور بھی مضبوط ہوگی ۔