17 اگست ، 2012
اسلام آباد … مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں سی این جی اسٹیشنز عید کی چھٹیوں تک کھلے رہیں گے تاہم سوئی سدرن حکام نے سی این جی کھلی رکھنے سے متعلق ہدایت ملنے سے انکار کردیا ہے۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں ہفتے کو سی این جی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی اور سی این جی اسٹیشنز عید کی چھٹیوں تک کھلے رہیں گے۔ ڈاکٹر عاصم کا مزید کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے اور ایس ایس جی سی کو سین این جی اسٹیشن کھلے رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ دوسری جانب سوئی سدرن گیس حکام کا کا کہنا ہے کہ ہفتے کو سندھ میں سی این جی کھلے رکھنے سے متعلق وزارت پیٹرولیم سے ہدایت نہیں ملی۔ سوئی سدرن گیس حکام نے کہا ہے کہ ہفتہ کی صبح 9 بجے سے اتوار کی صبح 9 بجے تک سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔