17 اگست ، 2012
کوئٹہ … وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعہ ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے خانوزئی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں، تعلیم کے فروغ کیلئے غیر سرکاری اور علاقے کی سطح پر قائم فلاحی تنظیمیں حکومت کیلئے باعث تقویت ہیں۔ اسلم رئیسانی نے اس امر پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا کہ بلوچستان کے عوام میں حصول تعلیم کا شعور تیزی سے اجاگر ہو رہا ہے اور صوبے کے بہت سے علاقوں میں عوام کے اپنی مدد آپ کے تحت تعلیم کو عام کرنے سے ان علاقوں میں شرح خواندگی بڑھ رہی ہے اور پرائمری سطح سے کالج سطح پر بچوں اور بچیوں کے اندراج میں اضافہ ہو رہا ہے۔