17 اگست ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبہ خیبر پختونخوا ، گلگت میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں تین مسافربسوں کے مسافروں کو بیدردی سے فائرنگ کرکے شہید کرنے اور کراچی میں سفارک پارک کے قریب ایک بس میں دھماکہ کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان واقعات کو فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ روز مسافر بسوں سے مسافروں کواتار کر بیدردی سے فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا اور آج کراچی میں سفاری پارک پر ایک بس کو نشانہ بنایا گیا جو ایک منظم سازش کا حصہ ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل و غارتگری کھلی دہشت گردی ہے اور اس میں ملوث سفاک دہشت گرد نہ صرف مذموم عزائم رکھتے ہیں بلکہ فرقہ واریت کی بنیاد پر دہشت گردی کرکے اتحاد بین المسلمین کی فضا کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا کرے ۔ رابطہ کمیٹی نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی اشتعال انگیز واقعہ پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ماضی کی طرح اتحاد کا بھر پور مظاہرہ کرکے فرقہ وارانہ فسادات کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیں ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ امیر حیدر خان ہوتی ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا ، گلگت میں معصوم و بے گناہ افراد کے بہیمانہ قتل اور کراچی میں سفاری پارک کے قریب بس میں بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے ۔