17 اگست ، 2012
لاہور…شیعہ علماء کونسل پاکستان کا کہنا ہے کہ اسرائیل ناجائز اور غیر قانونی ریاست ہے بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ پنجاب اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے قائد ملت جعفریہ پاکستا ن علامہ سید ساجد نقوی کی اپیل پر ملک بھر کی طرح لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے جنہوں نے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈ زاٹھارکھے تھے۔ انہوں نے اسرائیل اور امریکا کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔ شیعہ کونسل کے مولانا مظہر عباس نقوی نے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کو چاہئے کہ متحد ہو کر امریکا اور اسرائیل کا مقابلہ کریں، شام، برما، بحرین اور دیگر اسلامی ممالک میں مسلم دنیا پر یلغار جاری ہے۔ انہوں نے عرب ممالک سے تیل کی دولت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے اور اسرائیل کا سیاسی اور سفارتی سطح پر بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔