Time 04 نومبر ، 2019
پاکستان

شادی میں شریک پولیس اہلکاروں کی ہوائی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

 واقعہ میں ملوث پولیس اہلکار عزیر،زبیر اور حماد کو گرفتار کرلیا گیا ہے— فوٹو:فائل

کراچی میں شادی کی تقریب میں شریک پولیس اہلکاروں کی ہوائی فائرنگ سے 15 سالہ لڑکا جاں بحق  جب کہ ایک 12سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔

یہ واقعہ کراچی کے علاقے قائد آباد، شیر پاؤ کالونی میں پیش آیا جہاں  شادی کی تقریب میں پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکا مدثر جاں بحق جب کہ 12 سالہ  ابرار زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مدثر چہرے پر گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ  ابرار ہاتھ پرگولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واقعے کا مقدمہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت قائد آباد تھانے میں جاں بحق بچے کے ماموں کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

مقتول مدثر کے ماموں نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ دلہے کے والد تاج محمد شاہ نے اپنے مہمانوں کو ہوائی فائرنگ کرنے کا کہا جس پر شادی کی تقریب میں موجود افراد نے فائرنگ کردی،جس سے ان کے بھانجے کے چہرے پر آکر گولی لگی۔

فائر نگ کے واقعہ میں ملوث پولیس اہلکار عزیر، زبیر اور حماد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار پولیس اہلکار اسٹیل ٹائون اور مبینہ ٹائون تھانے میں تعینات ہیں۔

پولیس اہلکار عزیر نے اپنے کزن کے غیر قانونی اسلحہ سے فائرنگ کی۔

مزید خبریں :