05 نومبر ، 2019
قومی ویمن ٹیم کی نوجوان لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ ماضی کے عظیم لیگ اسپنرعبدالقادر اور شین وارن کی طرح کامیابیاں حاصل کرنے کی خواہش مند ہیں۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی جانب سے بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی متعدد کرکٹرز کو ڈیبیو کرایا گیا۔
ان میں کراچی سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ بھی شامل ہیں ، جنہوں نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ڈیبیو کیا اور 37 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سیدہ عروب شاہ ماضی کے عظیم پاکستانی لیگ اسپنر عبدالقادر اور آسٹریلیا کے شین وارن سے متاثر ہیں اور ان ہی کی طرح کامیابیاں سمیٹنا چاہتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عبدالقادر اور شین وارن اپنے دور کے عظیم بولرز ہیں ،میں ان سے بہت متاثر ہوں اور ان کی ویڈیوز دیکھ کر ان سے بہت کچھ سیکھتی ہوں۔
سیدہ عروب شاہ کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں آنے کے لیے ان کی فیملی نے بہت حوصلہ افزائی کی، ان کے والد اور کزن کرکٹ کھیلا کرتے تھے انہیں دیکھ کر شوق ہوا تو پھر والد نے بھی حوصلہ افزائی کہ تم کرکٹر بنو ، اپنے والد کو مایوس نہیں کیا اور میں کرکٹر بن گئی۔
سیدہ عروب شاہ نے بتایا کہ جب انہیں بنگلا دیش کے خلاف ون ڈے کیپ ملی تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں تھا، مجھے بہت اچھا لگا، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
نوجوان لیگ اسپنر کا کہنا ہے کہ میں بہت مثبت ذہن کے ساتھ میدان میں گئی، نروس ہونا فطری سی بات تھی لیکن میں خود کو متحرک کرتی رہی کہ مجھے اچھا کرنا ہے اور بس اچھا کرنا ہے۔
قومی ویمن ٹیم کی اسپن بولر کا کہنا ہے کہ اب جب کہ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیل چکی ہوں تو مجھے دگنی محنت کرنا ہو گی تاکہ میں ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھ سکوں، میری خواہش اور ہدف یہی ہے کہ میں مسلسل کھیلوں۔
سیدہ عروب شاہ کہتی ہیں کہ لڑکیوں کو کرکٹ کے کھیل میں آگے آنا چاہیے، لڑکیاں خود کو کمزور نہ سمجھیں، اب تو اتنے مواقع ہیں کہ ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے، اکیڈمیز بھی بہت ہیں وہاں آئیں اور اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھا کر پاکستان ٹیم میں آئیں اور ملک کا نام روشن کریں۔