Time 05 نومبر ، 2019
کھیل

‏کرکٹ کے میدان میں شادی کے شامیانے

ڈریسنگ روم میں سکون سے کھانا کھانے کے بجائے کھلاڑیوں کو باہر کھانا کھانا پڑتا ہے — فوٹو: جیو نیوز

پاکستان میں کھیلوں کے میدان میں شادی کی تقریبات ہونا اور اس کے لیے شامیانے لگانا ایک معمول کی بات ہے ، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ڈومیسٹک سیزن کےمیچ کے دوران بھی میدان میں شامیانوں کا ہونا تعجب کی بات ہے۔

 جی ہاں ایسا ہو رہا ہے لاہور کے اتفاق گراؤنڈ میں جہاں قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کا میچ کھیلا جارہا ہے  اور میچ میں سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں مد مقابل ہیں لیکن گراؤنڈ میں شامیانے بھی لگائے گئے ہیں جہاں دُلہا اور باراتی تو نہیں البتہ کرکٹر ضرور موجود ہیں۔

میدان میں شامیانے لگانے کی وجہ یہ ہے کہ یہاں سہولیات کا فقدان ہے، ڈریسنگ روم میں سکون سے کھانا کھانے کے بجائے کھلاڑیوں کو باہر کھانا کھانا پڑتا ہے اور یہ شامیانے کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے لگائے گئےہیں ۔

 کھانے کے وقفے میں کھلاڑیوں کو کھانا تو اچھا ملتا ہے لیکن سکون سے کھانے کا موقع نہیں ملتا — فوٹو: جیو نیوز

 کھانے  کے وقفے میں کھلاڑیوں کو کھانا تو اچھا ملتا ہے لیکن سکون سے کھانے کا موقع نہیں ملتا ، کوئی گراؤنڈ میں کرسی پر بیٹھا ہے تو کوئی زمین پر،گزشتہ راؤنڈ کا بھی میچ اسی جگہ کھیلا گیا تھا اور کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 7 ویں راؤنڈ کا میچ جو کہ ریلوے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر اسے ایک بار پھر اتفاق گراؤنڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش ویمن کرکٹ ٹیم قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے ساتھ سیریز کھیل رہی تھی اس لیے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں سیکیورٹی کی وجہ سے لاہور سٹی کرکٹ  ایسوسی ایشن ( ایل سی سی اے)کے گراؤنڈ میں میچز کرانا ممکن نہیں تھا۔

مزید خبریں :