Time 24 نومبر ، 2019
کھیل

’پاکستان ایمرجنگ ٹیم حقیقی چیمپئن ہے‘

 پی سی بی نے  مجھ پر اعتماد کیا ہے اور ٹیم نے ایشیا کپ جیت کر شکریہ ادا کیا ہے: ہیڈ کوچ اعجاز احمد— فوٹو جیو نیوز

پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے ہیڈکوچ  اور منیجر اعجاز  احمد نے پاکستان کو ایمر جنگ ٹیمز ایشیا کپ کا حقیقی چیمپئن قرار دے دیا۔

سعود شکیل کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستان ایمرجنگ ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی اور ڈھاکا میں ہونے والے فائنل میں میزبان بنگلادیش کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

پاکستان ایمرجنگ ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، ہر کھلاڑی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور فتح میں حصہ ڈالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان ٹیم کو حقیقی چیمپئن ٹیم اس لیے قرار دوں گا کیونکہ پاکستان ٹیم ناقابل شکست رہی ہے، ہم نے بھارت، سری لنکا، افغانستان اور بنگلا دیش جیسی ٹیموں کو شکست دی اور  جس سطح پر کامیابی کی ضرورت تھی وہ مل گئی۔

کھلاڑیوں کو داد دیتے ہوئے اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ سعود شکیل، عمران رفیق، سیف بدر، روحیل نزیر، حیدر علی، عمیر بن یوسف اور عماد بٹ جیسے کھلاڑیوں نے متاثر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈر 16 میں سے بھی کچھ کھلاڑیوں کو مارک کر لیا ہے، ان کے ساتھ بھی کام کرنا ہے اور انہیں پالش کر کے لڑکوں کی صلاحیتیوں کو نکھارنا ہے، ٹارگٹ یہی ہے کہ قومی ٹیم کو اچھے کھلاڑی فراہم کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ان پر اعتماد کیا ہے اور ٹیم نے ایشیا کپ جیت کر شکریہ ادا کیا ہے۔

 اعجاز احمد نے مزید بتایا کہ اب انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کر لیا گیا ہے۔

کل کھلاڑی کیمپ کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اکٹھے ہو رہے ہیں جو پیر کو لاہور پہنچتے ہی انڈر 19 ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ تمام کھلاڑی اگلے ایک ماہ کیمپ میں بھرپور ٹریننگ کریں گے تاکہ ورلڈکپ کے لیے کوئی کوتاہی نہ رہ جائے۔

مزید خبریں :