24 نومبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ بیٹسمین سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز میں تجربات کرنے کے بجائے ان کھلاڑیوں کو کھلانا چاہئے تھا جن کے پاس اس کنڈیشن میں کھیلنے کا تجربہ ہو۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سلمان بٹ نے کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشن پر کھلاڑیوں کا تجربہ کار ہونا ضروری تھا، ٹیسٹ کرکٹ ایسی جگہ نہیں جہاں آپ تجربات کریں اور آنے والے سالوں کی پلاننگ کریں۔
سابق کپتان نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بہترین ٹیم اتارنی چاہئے نہ کہ وہ جن کو 10 سال بعد پاکستان کیلئے مستقل کھیلنا ہے، کنڈیشن کے حساب سے بہترین کھلاڑیوں کو منتخب کرنا چاہئے کیوں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اگر مگر نہیں چلتا، یہاں اسپیشلسٹ کھلاڑی چاہئیں۔
ایک سوال پر سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ کرکٹ ان کا پیشن ہے اور یہی جنون ان کو ہمیشہ بہتر سے بہتر کرنے کا حوصلہ دیتا ہے، جو کھلاڑی پرفارم کرتا ہے ڈریسنگ روم میں بھی اس کی ہی عزت ہوتی ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کی پچز بیٹنگ کیلئے بہترین ہیں، بس باؤنس سے نبرد آزما ہونا آنا چاہئے، اگر کھلاڑی کو یہ معلوم ہوگا کہ اسے کس گیند کو کس طرح کھیلنا ہے تو وہ آسٹریلیا میں بھی کامیاب ہوگا۔
سلمان بٹ نے مزید کہا کہ بہترین کھلاڑیوں خاص طور پر اسپنرز، حاصل کرنے کیلئے ضروری ہےکہ فرسٹ کلاس کرکٹ کو اہمیت دی جائے۔