گم شدہ بچوں کی بازیابی کے لیے ’میرا بچہ الرٹ‘ موبائل ایپ متعارف

 ایپلی کیشن میں گم شدہ بچے کی تصویر اور دیگر تفصیلات درج کرنے کی سہولت بھی ہے— فوٹو: فائل

صوبہ خیبر پختونخوا میں گم شدہ بچوں کی بازیابی کے لیے ’میرا بچہ الرٹ‘ موبائل ایپلی کیشن متعارف کرا دی گئی۔

بچے کی گمشدگی کی صورت میں رپورٹ ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپ پر رجسٹر کی جا سکے گی، ایپلی کیشن میں گم شدہ بچے کی تصویر اور دیگر تفصیلات درج کرنے کی سہولت بھی ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے موبائل اپلیکشن کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں موبائل ایپلی کیپشن کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں محمود خان کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشن کے ذریعے بچوں کے حوالے سے ناخوشگوار واقعات کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بچوں سے زیادتی، اغواء اور قتل کی روک تھام کیلئے ایپ کی تیاری کی ضرورت پیش آئی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایپ میں گم شدہ بچوں کے حوالے سے رپورٹ کے اندراج اور تلاش کیلئے والدین اور متعلقہ اداروں کی سہولت اور مدد کیلئے مکمل طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ میرا بچہ الرٹ ایپ کا اجراء سنہری اقدام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبے میں کوئی بچہ گم ہو جاتا ہے تو اس کی رپورٹ میرا بچہ الرٹ ایپ پر رجسٹر کی جا سکے گی۔

ایپلی کیشن میں گم شدہ بچے کی تصویر سمیت دیگر تفصیلات فراہم کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پبلک ویب پورٹل کے ذریعے پولیس اسٹیشنز، ایدھی اور دیگر متعلقہ سینٹرز سے رابطہ کیلئے ڈائریکٹری بھی موجود ہوگی جبکہ پولیس کال سینٹرز اور سیف سٹی حکام کے درمیان رابطے کے علاوہ بچوں کے تحفظ کے مراکز تک رسائی کی سہولت بھِی میسر ہوگی۔   

مزید خبریں :