پاکستان

ٹینکر مافیا کی دیدہ دلیری، پمپنگ اسٹیشن کے ساتھ مصنوعی نہریں بنادیں

کراچی کا پانی چوری کرنے کے لیے ٹینکر مافیا کی دیدہ دلیری، پمپنگ اسٹیشن کی دیوار کے ساتھ کھدائی کرکے مصنوعی نہریں بنادیں۔

ٹینکر مافیا کے لوگ ضلع غربی کو پانی فراہم کرنے والی لائن جگہ جگہ سے توڑ کر نہروں کو بھرتے ہیں، پھر واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے۔ کروڑوں روپے کے غیر قانونی کام کو روکنے والا کوئی نہیں۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ ٹینکر مافیا نے منگھو پیر روڈ پر چوری کے پانی کے کئی اڈے قائم کررکھے ہیں اور گزشتہ کئی سال سے ٹینکر مافیا ان کے ذریعے شہریوں کا پانی چوری کرکے انہی کو فروخت کررہی ہے۔

وڈیو میں نظر آنے والی نہر کا ہزاروں گیلن پانی ضلع غربی کیلئے مخصوص لائن توڑ کر جمع کیا گیا ہے۔ یہ اور ایسی ہی دوسری نہروں میں پہلے چوری کا لاکھوں گیلن پانی جمع کیا جاتا ہے اور پھر اسے ٹینکر کے ذریعے فروخت کردیا جاتا ہے۔

واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طور پر پانی فروخت کرنے والوں کیخلاف وقتا فوقتاً آپریشن کئے جاتے ہیں لیکن کچھ عرصے بعد اس کام میں ملوث مافیا پھر سرگرم ہوجاتی ہے۔

سوال یہ ہے کہ اس صورتحال کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کیلئے واٹر بورڈ کوئی ٹھوس حکمت عملی کیوں نہیں بناتا؟

مزید خبریں :