Time 05 دسمبر ، 2019
کھیل

پی ایس ایل 5 کیلئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کل لاہور میں ہوں گے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کل لاہور میں ہوں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلاٹینم کیٹیگری میں پہلا کھلاڑی منتخب کرے گی۔ پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر پر براہ راست نشر کی جائے گی۔

پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن اگلے سال فروری مارچ میں ملک کے چار شہروں میں کھیلا جائے گا ۔ جس کے لیے پلیئرز ڈرافٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہو گی ، پلاٹینم کیٹیگری میں مجموعی طور پر 7 کھلاڑیوں کا انتخاب ہو گا اور سب سے پہلے کوئٹہ کھلاڑی منتخب کرے گی ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز دونوں کی نظریں جیسن رائے پر جمی ہیں ، لاہور قلندرز کولن انگرم یا کرس لین کو بھی پک کرسکتی ہے ۔

پلاٹینم میں تیسری باری ملتان سلطانز ، چوتھی باری اسلام آباد یونائیٹڈ اور پھر کراچی کنگز کی باری ہوگی۔

ڈائمنڈ کیٹیگری میں لاہور کے پاس ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری پہلے ہی موجود ہیں اس کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں پشاور زلمی پھر اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور آخر میں ملتان سلطانز کھلاڑی منتخب کریں گے۔

گولڈ کیٹیگری میں لاہور قلندرز ، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک ایک جبکہ کراچی کنگز دو کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی ۔

اس کے بعد سلور ، ایمرجنگ اور سپلیمنٹری کیٹیگری میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کرے گا ۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے 22 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

مزید خبریں :