پاکستان
Time 10 دسمبر ، 2019

‘حالات بتارہے ہیں ہواؤں کا رخ واقعی بدلنے والا ہے’

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ لندن میں نواز شریف کے گھر کے باہر جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں، تحریک انصاف کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے، خواجہ آصف نے بالآخر ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کو نواز شریف کا گھر تسلیم کرلیا ہے، احتساب کا عمل نہیں رُکنا چاہیے، نیب کو جسے بلانا ہے بلائے سب جوابدہ ہوں گے جن کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو کا تھا وہ ہاتھ جوڑ کر کہہ رہے ہیں ہمیں باہر جانے دو۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔

ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ حالات بتارہے ہیں ہواؤں کا رخ بدلنے والا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت ہی ہواؤں کے رخ سے بنی ہوئی ہے، اس وقت ہواؤں کو کنٹرول نہ کیاجاتا اور ووٹوں کی صحیح گنتی کی جاتی تو یہ اقتدار میں نہ ہوتے، عمران خان سیاسی لڑائی گلی محلوں تک نہ پہنچائیں، یہ لڑائی ہمارے کارکنوں کے گھروں تک چلی جائے گی۔

پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ سیاست کو اکھاڑا یا دنگل بنادینے میں پی ٹی آئی کا بڑا کردار ہے، افسوس کی بات ہے کہ آج کسی کا گھر محفوظ نہیں ہے۔

گلوکار و سماجی کارکن سلمان احمد نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کو انسانی بنیادوں پر بیرون ملک علاج کی مہلت دی اب ان کی بیٹی مریم نواز بھی باہر جانا چاہتی ہیں،میں صرف یہ پوچھتا ہوں کیا اب ہر سزا یافتہ شخص علاج کیلئے بیرون ملک جا سکتا ہے؟ وزیراعظم عمران خان سے درخواست کروں گا کہ کرپشن اور بدعنوانی کیلئے بلاتفریق اور تسلسل سے احتساب کرنا ہوگا۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ لندن میں نواز شریف کے گھر کے باہر جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں، اس مظاہرے سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں ہے، جن لوگوں نے نواز شریف کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا انہیں شناخت کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :