Time 13 دسمبر ، 2019
پاکستان

’مریم گمراہ نہ کریں، تنقید کرنے والے ایسیٹ ریکوری یونٹ کے فرائض سمجھیں‘

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب لوگوں کو گمراہ کرنا چھوڑ دیں اور تنقید کرنے والوں کو ایسیٹ ریکوری یونٹ کے فرائض جاننے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ حیرت کی بات ہے شہبازشریف کو ڈھونڈ رہا ہوں لیکن 18سوالوں کے جواب نہیں مل رہے، پارلیمنٹ میں ایک سوال کو لے کر مریم اورنگزیب نے پریس ٹاک کی، ہم اس دور حکومت میں جواب دیتے ہیں لیکن گزشتہ حکومت میں کوئی جواب نہیں دیتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کو وفاقی کابینہ نے قائم کیا، ایسٹ ریکوری یونٹ کا مقصد لوٹی دولت کو واپس لانا ہے، سپریم کورٹ میں پیش کی گئی سفارشات کی بنیاد پر ایسٹ ریکوری یونٹ بنا لہٰذا تنقید کرنے والوں کو ایسٹ ریکوری یونٹ کے فرائض جاننے کی ضرورت ہے، نیب میں منی لانڈرنگ سے متعلق پلی بارگین کے ذریعے ریکوریاں کی گئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سرکاری زمین واگزار کرانے پر یہ لوگ واویلہ کر رہے ہیں، ان لوگوں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیے رکھا لہٰذا مریم اورنگزیب لوگوں کو گمراہ کرنا چھوڑ دیں اور وہ میرے سوالوں کا جواب دیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے سوال کیا تھا کہ حکومت بتائے گی کہ آر ٹی آئی قانون کے تحت جو کمیشن بننا تھا اس کا کیا بنا؟

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات تو ہم نے دی تھیں، ہمارے دوروں کی تففصیلات بھی ہم نے پیش کردی ہیں، آپ اپنی لیڈر شپ سے پوچھیں کہ نثار کون ہے، ن لیگ کو سفید جھوٹ بولنے کی عادت ہے، نوازشریف اور شہبازشریف کے علاوہ ان کی بی ٹیم بھی کرپشن کیسز چھپا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ایک سال میں 129ارب کی زمین واگزار کرائی، 2 سال میں اثاثہ جات واگزار یونٹ پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کا خرچ آیا۔ 

مریم نواز کے باہر جانے سے متعلق سوال پر معاون خصوصی نے کہا کہ وزارت داخلہ کو مریم نواز کی درخواست نہیں ملی، دیکھنا ہو گا والد کو دیکھنے کے لیے جانے کی کوئی مثال ہے۔ 

مزید خبریں :