ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر لانے کی خوشی، ریکارڈ نہ بنانے کا افسوس ہے: شان مسعود

فوٹو: جیو نیوز

کراچی ٹیسٹ میں 135 رنز کی اننگز کھیلنے والے اوپننگ بیٹسمین شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہوم گراونڈ پر ہوم کراوڈ کے سامنے سنچری بہت خاص ہے، خوشی ہے کہ پاکستان ٹیم کو پریشر سے نکال کر مستحکم پوزیشن میں لاکھڑا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں شان مسعود کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ کا ردعمل بدلا ہے، باونس تھوڑا کم ہوا ہے، کریکس موجود ہیں، چوتھے روز دیکھیں گے کہ کریکس کتنے کُھلتے ہیں، اگر ٹارگٹ پر بولنگ ہو گی تو اب بھی بیٹنگ مشکل ہوگی۔

شان مسعود نے کہا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ بورڈ پر ایسا ٹارگٹ ہو جس سے مخالف ٹیم کو مشکل ہو، 450 سے 500 رنز کا ہدف دینا چاہ رہے ہیں تاکہ کچھ وقت بھی ملے کہ مخالف ٹیم ڈرا کی بجائے رزلٹ کی جانب جائے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ جس پوزیشن میں ہیں، اس کا فائدہ اٹھائیں۔

نوجوان بیٹسمین نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری کے بعد کافی عرصے تک سنچری نہیں کی تھی، کم بیک کے بعد اچھے اسٹارٹ کے باوجود بھی اسکور کو تین ہندسو میں تبدیل نہیں کر پا رہے تھا جس کی وجہ سے پریشان تھا لیکن اب خوش ہوں کہ اچھے آغاز کا فائدہ اٹھایا اور سنچری اسکور کی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عابد علی کے ساتھ اے ٹیم کے دورے بھی کئے ہیں، ڈومیسٹک بھی کھیلا اس لئے ہم آہنگی کی آسانی تھی، ہدف تھا کہ 300 کی شراکت بناتے ، آؤٹ ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ ریکارڈ سے 20 رنز پیچھے رہ گئے، افسوس ہے کہ ریکارڈ نہ بنا سکے لیکن ٹیم کو اچھی پوزیشن پر لے آئے جس کی خوشی ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ کوئی بیٹسمین جیتنے بھی رنز کر لے خوش نہیں ہوتا۔ افسوس ہے کہ چائے کے وقفے سے پہلے آوٹ ہوئے، ایسا پہلے بھی کر چکا تھا، شاٹ کے وقت تھوڑے کنفیوژ ضرور تھے ، پل شاٹ کا افسوس نہیں لیکن جس انداز میں یہ شاٹ کھیلا گیا اس کا ضرور افسوس ہے۔

مزید خبریں :