Time 07 جنوری ، 2020
کھیل

'ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں': مصباح اور وقار کے جونیئر ٹیم کو مشورے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے ورلڈ کپ کی تیاروں میں مصروف پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو مشورے دیے۔ 

جنوبی افریقا میں ہونے والے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ٹیم کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں جاری ہے تاہم بارش کے باعث کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے انڈور اسکول میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے بھی جونئیر ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

سابق کرکٹرز نے جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کو اہم مشورے بھی دیے۔

اس موقع پر ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ انڈر 19 شناخت بنانے کے لیے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔

بولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ بولرز کے ساتھ خصوصی طور پر ملاقات کی اور انہیں مشورہ دیا کہ کھیل پر فوکس کریں کیونکہ فاسٹ بولرز کو جنوبی افریقا کی پچز سے بڑی مدد ملتی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان باصلاحیت ہیں اور ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا میں انڈر 19 ورلڈکپ 17 جنوری سے 9 فروری تک جاری رہے گا جس میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 

مزید خبریں :