پاکستان
Time 12 جنوری ، 2020

محکمہ موسمیات کی پیر سے کراچی میں موسم سرما کی سرد ترین لہر کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے،فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات  نے آج سے کراچی میں موسم سرما کی سرد ترین لہر کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ٓآج سے سردی میں اضافہ ہوگا اور موسم سرما کی سرد ترین لہر کے دوران درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے جا سکتا ہے۔

شہر قائد میں سردی کی یہ لہر ایک ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے، 15 اور17جنوری کی رات کراچی کا درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں سائیبریا کی یخ بستہ ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جب کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری نے نظام زندگی کو متاثر کیا ہے۔

بلوچستان کے مختلف بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث صوبے بھر میں اسنو ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ 

ضلع ژوب میں شدید برفباری کے باعث گھر کے کمرے کی چھت گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اُدھر تربت، پنجگور اور گرد ونواح میں موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، پنجگور میں بارش کے بعد بجلی کی سپلائی معطل ہے اور مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :