Time 15 جنوری ، 2020
پاکستان

قومی اسمبلی: علی زیدی کی اپنی ہی جماعت کے ارکان کے ساتھ جھڑپ

قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی اپنی ہی جماعت کے ارکان کے ساتھ جھڑپ ہوگئی۔ 

اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں کراچی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ نے کراچی بندرگاہ کو پورٹ قاسم سے منسلک کرنے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا اور تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا علی زیدی تو ان کی سنتے نہیں، اپنا موبائل نمبر تک تبدیل کر لیا ہے۔

اس پر وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ وہ پرانا نمبر ہی استعمال کر رہے ہیں اور طعنہ بھی دے ڈالا کہ یہ سب ارکان تو الیکشن سے پہلے ان کے پاس ٹکٹ لینے آتے تھے۔

وفاقی وزیر کے جواب پر حکومتی ارکان فہیم خان، عطاء اللہ اور اکرم چیمہ نے احتجاج کیا اور نشستوں پر کھڑے ہوگئے جبکہ اسپیکر اسمبلی انہیں احتجاج سے روکتے رہے۔ 

خیال رہے کہ یہ وہی ناراض ارکان قومی اسمبلی ہیں جنہوں نے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ 

ناراض ارکان کو شکایت تھی کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے ایم این اے جمیل احمد کو پارلیمانی سیکرٹری کے عہدے سے ہٹوایا اور ان کی جگہ آفتاب صدیقی کو پارلیمانی سیکرٹری میری ٹائم افیئرز لگا دیا گیا۔

ناراض گروپ کے ذرائع کے مطابق علی زیدی محمود مولوی کو پاکستان شپنگ کارپوریشن کا چیئرمین لگانا چاہتے ہیں اور ان کی وزیراعظم سے ملاقات بھی کرا دی مگر منتیں سماجتیں کرنے کے باجود سندھ سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ملاقات نہیں کر سکتے۔

اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ناراض اراکین سے ملاقات کرلی تھی۔

مزید خبریں :