کھیل
Time 26 جنوری ، 2020

اسلام آباد یونائیٹڈ کی باگ ڈور شاداب خان کے سپرد

فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کامیاب ترین اور دو دفعہ کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے پانچویں ایڈیشن کے لیے شاداب خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔

شاداب خان پی ایس ایل 2 میں ایمرجنگ کیٹگری میں منتخب ہوئے تھے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ یہ ان کا چوتھا سال ہو گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیلتے ہوئے شاداب خان نے 32 میچز میں 29 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

پی ایس ایل فور میں کپتاں محمد سمیع کی غیر موجودگی میں شاداب خان نے 3 میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کی اور ان کی قیادت میں دو میچز میں فتح بھی حاصل ہوئی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا ہے ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے جو کرکٹر بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے وہ بعد میں پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائند گی کا اعزاز بھی حاصل کرے، ہمیں آج فخر ہے کہ شاداب خان مسلسل ترقی کی راہوں پر گامزن ہیں۔

علی نقوی نے مزید کہا کہ پچھلے سیزن میں جس طرح شاداب خا ن نے کپتانی کی تھی اس سے ہمیں اندازہ ہو گیا تھا کہ مستقبل میں ہماری ٹیم کی نمائندگی شاداب خان ہی کریں گے، امید کرتے ہیں کہ وہ اپنی کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر شاداب خان کا کہنا تھا علی نقوی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور میری پوری کوشش ہوگی کہ میں ان کی امیدوں پر پورا اتروں۔

شاداب خان نے کہا کہ میں چار سال سے اس فرنچائز کے ساتھ منسلک ہوں اور مجھے بھی یقین ہے کہ اپنی فرنچائز کی سوچ کو لے کر نہ صرف اپنی ٹیم کی قیادت کروں گا بلکہ ٹیم آگے لے کر جاؤں گا۔

مزید خبریں :