28 جنوری ، 2020
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیوفری شا کاکہنا ہے کہ پاکستان میں آسٹریلین ٹیم کی آمد کی راہیں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے ذریعے ہموار ہوسکتی ہیں۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیوفری شا نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچے اور چیف سلیکٹر عروج ممتاز کے ساتھ پریکٹس میچ دیکھا۔
اس موقع پر انہوں نے خواتین کرکٹرز سے ملاقات بھی کی اور حال ہی میں آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیل کر آنے والی ندا ڈار سے جیوفری شا نے اُن کے تجربے کے بارے میں پوچھا۔
انہوں نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی دیگر کرکٹرز کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
ایک سوال پر جیوفری شا نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کو کرنا ہے لیکن امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے اس کی راہیں ہموار ہوں گی کیوں کہ پی ایس ایل میں متعدد آسٹریلین کھلاڑی شریک ہیں جس سے اعتماد کی فضا بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 واں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور تمام میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔