29 جنوری ، 2020
جرمنی سے تعلق رکھنے والی ماڈل و اداکارہ لیلیٰ داستان اپنے پہلے ہی دورے میں پاکستان سے عشق میں گرفتار ہو گئیں۔
جیونیوز سے بات کرتے ہوئے لیلیٰ نے بتایا کہ ’میں 3 ماہ قبل پہلی بار ایک فیشن شو میں شرکت کے لیے پاکستان آئی تو یہاں کی ثقافت اور لوگوں کا پیار دیکھ کر حیران رہ گئی جس پر فیصلہ کیا کہ اب مجھے پاکستان ہی میں رہنا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے قلیل عرصے میں کچھ فیشن شوز میں حصہ لیا تو کیٹ واک میں شریک ماڈلز اور دیگر ساتھیوں سے مل کر مجھے بہت اچھا لگا، میں پاکستانی دلکش ملبوسات کی دیوانی ہوگئی ہوں‘۔
پاکستانی نژاد جرمن اداکارہ لیلیٰ داستان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اِن دنوں ایک پاکستانی فلم میں کام کررہی ہیں، جاوید شیخ، معمر رانا اور شہروز سبزواری کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزہ آیا اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداکاروں ماہرہ خان، ہانیہ عامر، مہوش حیات، فواد خان اور ہمایوں سعید کی اداکاری نے بہت متاثر کیا ہے۔
لیلیٰ داستان نے مزید بتایا کہ جرمنی میں پیدا ہوئی ہوں، پاکستانی ڈرامے اور فلمیں شوق سے دیکھتی ہیں، اِن دنوں اُردو سیکھ رہی ہوں اور مجھے اردو زبان بہت اچھی لگتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے استاد نصرت فتح علی خان، عاطف اسلم، راحت فتح علی خان کا گیت ’محبت بھی ضروری تھی‘ بےحد پسند ہے۔
لیلیٰ نے کہا کہ ’میں نے اب مستقل طور پر کراچی میں رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور مجھے ڈرامہ پروڈیوسر سراج الحق بہت سپورٹ کررہے ہیں‘۔
انہوں نے دنیا بھر میں اپنے پرستاروں کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک پُرامن اور حسین ملک ہے اور یہاں بسنے والے لوگ بہت پیار کرتے ہیں۔