ن لیگی ایم پی اے جعلی ڈگری پر نااہل قرار

فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی ڈگری جمع کرانے پر مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی کاشف چوہدری کو نااہل قرار دیدیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ پی پی 241 سے ن لیگ کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی کاشف چوہدری کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا۔ درخواست گزار عبدالغفار نے کاشف چوہدری کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت الیکشن کمیشن میں جعلی ڈگری جمع کرانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزار کے مطابق الخیر یونیورسٹی نے تصدیق کی کہ کاشف چوہدری کبھی یونیورسٹی کے طالب علم ہی نہیں رہے، وہ صادق اور امین نہیں اس لیے عدالت بطور رکن صوبائی اسمبلی انھیں نااہل قرار دے۔

درخواست گزار عبدالغفار تحصیل چشتیاں ضلع بہاولنگر سے تعلق رکھتا ہے اور وہ کاشف محمود چوہدری کے حلقے کا ووٹر ہے۔

عدالت نے کاشف چوہدری کو نااہل قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن لیگی ایم پی اے کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم بھی دیا۔

خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے کاشف محمود نے 48543 جب کہ تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان نے 44184 ووٹ حاصل کیے تھے۔

مزید خبریں :