Time 07 فروری ، 2020
پاکستان

سال 2019 : جرائم میں پنجاب پہلے اور خیبرپختونخوا دوسرے نمبر پر رہا

سال 2019 کے دوران پنجاب 4 لاکھ 90 ہزار جرائم کے واقعات کے ساتھ پہلے جبکہ خیبرپختونخوا ایک لاکھ 78 ہزار جرائم کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

وزارت داخلہ نے 2019 میں ملک بھر میں جرائم کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں جس کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طورپر 7 لاکھ 77 ہزار 251 جرائم کے واقعات ریکارڈ ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب 4 لاکھ 90 ہزار کے ساتھ پہلےجبکہ خیبرپختونخوا ایک لاکھ 78 ہزارجرائم کے مقدمات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

خیال رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے۔

اعداو شمار کے مطابق سندھ 85 ہزار 6 سو سے زائد جرائم کے مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا جبکہ سب سے کم جرائم گلگت بلتستان میں ہوئے۔

قومی اسمبلی میں پیش رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہروں میں پشاور  38926 جرائم کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، کوہستان 222 جرائم کے ساتھ سب سے کم جرائم والا ضلع رہا۔

وزارت داخلہ نے کالعدم تنظمیوں اور زیر نگرانی افراد کی تفصیلات بھی قومی اسمبلی میں پیش کیں۔

ایوان کو بتایاگیا کہ وزارت داخلہ کی نئی فہرست کے مطابق 84 تنظیموں کو کالعدم قرار دے کر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 337 افراد کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 2019 میں گھریلو خواتین ملازمین پر تشدد کے 10 واقعات ہوئے۔

اسلام آباد میں بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں کمی ہوئی، 2018 میں اسلام آباد میں بچوں سے زیادتی کے 66 واقعات ہوئے، 2019 میں 60 واقعات رپورٹ ہوئے۔

وزارت داخلہ نے بتایا کہ 2018 میں بچوں سے زیادتی کے 80 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 2019 میں 75ملزمان گرفتار ہوئے جس میں سے ایک ملزم کو سزا ہوئی باقی کا ٹرائل ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کرائم انڈیکس میں دنیا کے 386 شہروں میں کراچی 93 ویں نمبر پر آگیا جو ظاہر کرتا ہے کہ شہر کے جرائم میں کمی آئی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے شہر لاہور اور اسلام آباد بھی کرائم انڈیکس میں 236 اور 306 نمبر ہیں یعنی جرائم کی شرح انتہائی کم ہے۔

مزید خبریں :