Time 09 فروری ، 2020
پاکستان

لوگوں کو متبادل جگہ دینے تک بے گھر نہیں کریں گے: وزیراعلیٰ سندھ کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت انسانی پہلو ؤں کا خیال رکھے گی،فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت ہر عدالت کے احکامات ماننے کے لیے تیار ہے۔

حیدر  آباد میں سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت انسانی پہلوؤں کا خیال رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات موجود ہیں کہ جب تک لوگوں کو متبادل نہیں دیں تب تک انہیں بے گھر نہیں کریں گے۔

آئی جی سندھ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  آئی جی کی تعیناتی کے حوالے سے وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے۔

اس موقع پر  وزیراعلیٰ سندھ نے پنجاب کےصوبائی وزیر لائیو اسٹاک کا ایکسپو میں شرکت پر شکر یہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار نے کراچی میں  تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس میں سرکاری کوارٹرز میں قائم تمام غیر قانونی تعمیرات فوری گرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوارٹرز کی جگہ خالی کراکے وفاقی حکومت کے ملازمین کو ہی دی جائے۔

سپریم کورٹ نے ڈائریکٹر لینڈ کنٹونمنٹ بورڈ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ خزانے بھر لئے اور کہتے ہیں غیرقانونی تعمیرات ہیں، اس وقت آنکھیں بند تھیں جب پیسے بٹور رہے تھے۔

عدالت نے گزری روڈ، پی این ٹی کالونی، پنجاب کالونی اور دہلی کالونی میں غیرقانونی تعمیرات گرانے کا حکم دیا۔

انہوں نے حکم دیا کہ کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو عمارتیں بناکر وہاں منتقل کیا جائے۔

مزید خبریں :