Time 11 فروری ، 2020
پاکستان

فیصل آباد: ٹیکسٹال مل کا بوائلر پھٹنے سے 4 مزدور جاں بحق

فیصل آباد میں ٹیکسٹال مل کا بوائلر  پھٹنے سے 4 مزدور جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

فیصل آباد میں سرگودھا روڈ پر سمانہ پل کے قریب واقع ٹیکسٹائل پروسیسنگ مل میں علی الصبح زور دار دھماکا ہوا جس کےبعد فیکٹری میں آگ لگ گئی۔

 بوائلر کے پھٹنے سے فیکٹری کا بڑا حصہ منہدم ہوگیا اور ملبے تلے کئی مزدور دب گئے جن میں سے  3 مزدور جھلس کر جاں بحق اور ایک زخموں کی تاب نہ لاتےہوئے ملبے کی نیچے  ہی دم توڑ گیا۔

حادثے میں زخمی ہونےوالے 12 زخمیوں کو الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 5 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی کاکہنا ہےکہ فیکٹری کی عمارت بظاہرخستہ حال اورپرانی تھی ،ابتدائی تحقیقات میں انتظامیہ کی غفلت کاانکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ میں کہاگیا ہےکہ ایک سال کےدوران 4 نوٹسز بھیجنے کےباوجود فیکٹری کو بند نہیں کیاگیا، 29 جنوری کو بھی انسپکٹر نے بوائلر کے ناقص ہونے کو رپورٹ کیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز سے بوائلرکی انسپیکشن کا ریکارڈ طلب کرلیاہے اور مزید تحقیقات کےبعد قانونی کارروائی کی جائےگی۔

مزید خبریں :