کھیل
Time 18 فروری ، 2020

میرا ٹارگٹ کوئی بیٹسمین نہیں ، کم رنز دینا ہے: حارث

‏لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ انہوں نے پی ایس ایل میں کسی خاص بیٹسمین کو ٹارگٹ نہیں کیا بلکہ ان کی کوشش ہو گی کہ کم سے کم رنز دیں۔

حارث رؤف نے جیو ویب سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ "میرا فوکس اکانومی پر ہوتا ہے۔۔۔ وکٹیں چاہے ملیں یا نہ ملیں، میری کوشش ہو تی ہے ڈاٹ بالز زیاددہ ہوں، اس سے ٹیم کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔"

‏پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز کے پاس شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری اور حارث رؤف موجود ہیں اسی لیے اسے مضبوط ترین بالنگ اٹیک قرار دیا جا رہا ہے۔

‏حارث رؤف نے پی ایس ایل میں حریف بیٹسمینوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لاہور قلندرز کے فاسٹ بالروں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو کر آئیں۔

حارث روف نے کہا کہ ہمارے بیٹسمینوں کو بھی تیز بولنگ کے لیے تیار رہنا پڑے گا۔"میں نیٹ پر اپنے بیٹسمینوں کو باؤنسرز تو نہیں مارتا لیکن انہیں تیز بولنگ کھیلنے کی ضرور پریکٹس کراتا ہوں تاکہ انہیں مشکل نہ ہو۔"

‏حار ث رؤف نے کہا کہ بگ بیش لیگ کھیلنے کا انہیں بہت فائدہ ہوا۔" اس سے قبل دو برس سڈنی میں بھی کھیلتا رہا ہوں لیکن بی بی ایل میں کھیلنے سے کنڈیشنز کے مطابق بالنگ کرنے کا تجربہ ہوا۔۔ ۔میں نے وہاں اٹیکنگ بولنگ کی جس کی وجہ سے مجھے وکٹیں ملیں۔"

مزید خبریں :