کیا آپ بھی سمجھتے ہیں کہ یہ پرندے لڑ رہے ہیں؟

دراصل یہ دونوں پرندے اپنے بچے کو کھانا کھلا رہے ہیں اور جو خون جیسا مائع ہے وہ حقیت میں ان کا دودھ ہے— فوٹو: اسکرین گریب

 محکمہ جنگلات کے سروسز آفیسر ’پروین کسوان‘ نے ٹوئٹر پر فلامینگوز کی ایک ویڈیو شئیر کی جس میں بظاہر لگ رہا ہے کہ دونوں لڑرہے ہیں، لیکن دراصل وہ اپنے بچے کا پیٹ بھر رہے ہیں۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے محکمہ جنگلات کے سروسز آفیسر اکثر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جانوروں کی دلچسپ و عجیب ویڈیوز اور تصاویر شئیر کرتے نظر آتے ہیں اور ساتھ ہی اس سے متعلق معلومات بھی فراہم کرتے ہیں۔

حال ہی میں پروین کسوان نے اپنے اکاؤنٹ سے فلامینگوز کی ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں بظاہر لگ رہا تھا کہ وہ آپس میں لڑ رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک فلامینگو کے سر پر دوسرا اپنی چونچ گڑا رہا ہے جس کی وجہ سے اس کی گردن سے خون نکلتا دکھائی دیتا ہے۔

تاہم پروین کسوان نے ویڈیو کے کیپشن میں بتایا کہ یہ دونوں پرندے لڑ نہیں رہے ہیں۔

انہوں نے ویڈیو کی وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ دراصل یہ دونوں پرندے اپنے بچے کو کھانا کھلا رہے ہیں اور جو خون جیسا مائع ہے وہ حقیقت میں ان کا دودھ ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ فلامینگو اپنے عمل انہضام کی نالی (ڈائجیسٹو ٹریکٹس) میں دودھ بناتے ہیں اور پھر اپنے بچوں کو پلانے کے لیے اسے نکالتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فلامینگو کا یہ دودھ پروٹین اور غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ فلامینگو اپنے بچوں کو اپنا پیٹ کاٹ کر کھلاتے ہیں جب تک ان کے بچے اس قابل نہیں ہوجاتے کہ وہ کچھ ٹھوس غذا کھا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگر آپ ویڈیو کو غور سے دیکھیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ کس طرح فلامینگو کا بچہ لال رنگ کا بظاہر خون لگنے والا (دودھ) پی رہا ہے۔

ڈسکور وائلڈ لائف کے مطابق فلامینگو ان چند پرندوں میں سے ہیں جو اپنے Crop (گردن کے نیچے موجود تھیلی) میں پیدا ہونے والے مادے کو براہِ راست بچے کو پلاسکتے ہیں۔

حیران کن بات یہ ہے کہ فلامینگو کا منفرد گلابی رنگ ان کی غذا میں شامل الجی (کائی نما سمندری پودے) اور سرخ رنگ کے سمندری حیات کی وجہ سے انہیں ملتا ہے۔

خیال رہے کہ فلامینگوز کے لیے افزائش کے موسم میں یہ دودھ پلانا زیادہ مشکل ہوجاتا ہے کیونکہ اس دوران انہیں زیادہ کیروٹین شکلہ (ایک قسم کا حیاتی کیمیا) چاہیے ہوتا ہے۔

عموماً اس دوران ان پرندوں کا رنگ بالکل سفید ہوجاتا ہے اور ان کے پر پنکھ بھی سفید ہوجاتے ہیں۔

بعد ازاں جب فلامینگو کے بچے خود کھانا کھانے کے قابل ہوجاتے ہیں تو ان کا اصل رنگ واپس لوٹ آتا ہے۔

کسوان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو ٹوئٹر پر 35 ہزار سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں اور ان کی جانب سے اس کو بہت پسند کیا گیا ہے۔

ایک صارف نے پوسٹ پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کمنٹ کیا کہ ’قدرت کبھی ہمیں حیران کرنے میں ناکام نہیں ہوتی‘۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’اس نے مجھے حیران کردیا، حیرت انگیز‘۔

یاد رہے کہ پروین کسوان اس سے قبل بھی رواں ماہ کے آغاز میں چیتا اور مانیٹر چھپکلی کی لڑائی کی ویڈیو شئیر کرچکے ہیں جو تیزی سے وائرل ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :