Time 22 فروری ، 2020
کھیل

پی ایس ایل: اسلام آباد نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کے 5 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور  کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

ملتان کی اننگز

ملتان  کی جانب سے شان مسعود اور جیمز ونس نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 41 رنز جوڑے تاہم شان مسعود 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بڑی پارٹنرشپ نہ بن سکی، جیمز ونس اور ذیشان اشرف کی شاندار بیٹنگ کے بدولت ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ 

ذیشان اشرف 50 اور جیمز ونس 42 رنز بناکر نمایاں رہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد بٹ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد کی اننگز

اسلام آباد کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور لیوک رونکی نے کیا جنہوں نے پہلی وکٹ پر 92 کی شراکت قائم کرکے ملتان کو میچ سے دور کردیا۔

92 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو 50 رنز بناکر شاہد آفریدی کا شکار بنے جبکہ لیوک رونکی بھی 74 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کولن انگرام اور ڈیوڈ ملان نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور باآسانی ہدف حاصل کرلیا۔

ملان 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان کی جانب سے آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :