Time 28 فروری ، 2020
پاکستان

راولپنڈی اور لاہور کے 2 اسپتال کورونا کے مریضوں کیلیے مختص کرنے کا فیصلہ

—فوٹو اے ایف پی 

پنجاب حکومت نے راولپنڈی اور لاہور میں 2 اسپتالوں کو کورونا وائرس اسپتال ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

 جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محکمہ اسپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کے سیکریٹری بیرسٹر نبیل اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا مریض سامنے آنے کے بعد خصوصی ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں جس کے تحت راولپنڈی اور لاہور میں 2 اسپتالوں کو کورونا وائرس اسپتال ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹس سطح پر ایک ایک اسپتال کو ایچ ڈی یو ڈکلیئر کیا جارہا ہے، ان اسپتالوں میں تمام ضروری ادویات اور آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور عملے کے لیے خصوصی لباس کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کو لاہور اور راولپنڈی کے دونوں مخصوص اسپتالوں میں رکھا جائے گا اور مشتبہ مریضوں کو ایچ ڈی یوز میں رکھا جائے گا۔

لاہور ائیر پورٹ پر میڈیکل اسٹاف کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن

دوسری جانب لاہور ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شعیب گرمانی نے 24 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی لاہور ائیر پورٹ پر تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، اس عملےکو تھرموگن اور دیگر آلات فراہم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کے موقع  پر لاہور کے 21 اسپتالوں کو 33 ہزار خصوصی اوور ہال، چار ہزار 225 خصوصی ماسکس، 3300 خصوصی عینکیں اور 7600 جوتوں کے کور دیئے گئے تھے، واپسی کے مطالبے پر پتہ چلا کہ یہ سامان اسپتالوں میں موجود ہی نہیں۔

واضح رہے کہ چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق پاکستان سے بھی ہوچکی ہے، اس صورتحال کے پیش نظر حکومت کی جانب سے تمام تر حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :