Time 03 مارچ ، 2020
پاکستان

بھارت میں مسلمانوں سے نارواسلوک پر پوری مسلم اُمّہ کو تشویش ہے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں سے ناروا سلوک پر پاکستان اور پوری مسلم اُمّہ کو تشویش ہے، نئی دہلی میں مساجد اور املاک کونقصان پہنچانے سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی قوانین پرتشویش ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، ہم اس کی اہمیت اور ضرورت کے قائل ہیں، پاکستان کے عوام کی او آئی سی سے بہت توقعات ہیں، توقعات زیادہ ہوں اور پوری نہ ہوں تو شکایتیں اور  مایوسی بھی زیادہ ہوتی ہے، امید ہے آپ ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول( ایل او سی) پر بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے جب کہ بھارت اور کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیاجارہا ہے، او آئی سی کا چارٹر ہے کہ مسلمانوں کے حقوق کا دفاع کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات  کے نتیجے میں پچھلے سال فروری میں دونوں ملک آمنے سامنے آگئے تھے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا کی توجہ دلائی ہے، اس پر اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہونا چاہیے۔

اس موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر کاکہنا تھا کہ پاکستان کےصدر، وزیراعظم اور وزیرخارجہ کا دورے کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کرتاہوں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہم سے امید کی جارہی ہے کہ او آئی سی مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے،کشمیر میں جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں اس کے بارے میں ہمیں آگاہ کیا گیا۔

نمائندہ خصوصی برائے کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایک خصوصی نمائندہ مقررکیاگیا ہے تاکہ اوآئی سی کےساتھ مسلسل رابطہ رہ سکے۔

مزید خبریں :