Time 04 مارچ ، 2020
کھیل

‏موسیٰ جنوبی افریقی اسپیڈ گن ڈیل اسٹین سے گُر سیکھنے کے خواہشمند

فوٹو: جیو نیوز

اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان فاسٹ بولر محمد موسیٰ خان جنوبی افریقا کے اسپیڈ اسٹار ڈیل اسٹین سے آؤٹ سوئنگ پر مزید مہارت حاصل کرنے کے لیے مدد لینے کے لیے خواہشمند ہیں۔

‏سابق نمبر ون فاسٹ بولر ڈیل اسٹین پی ایس ایل فائیو میں اسلام آ باد یونائیٹڈ کی ٹیم کا حصہ ہیں، ڈیل اسٹین آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے جنوبی افریقا کی ٹیم میں شامل تھے اس لیے پی ایس ایل میں ابتدائی میچز کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں تھے تاہم اب نہ صرف ٹیم کو جوائن کر چکے ہیں بلکہ وہ ایک میچ بھی کھیل چکے ہیں۔

ڈیل اسٹین کی اسلام آباد یونائیٹڈ میں شمولیت کا نوجوان فاسٹ بولر بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں اور شہرہ آفاق فاسٹ فاسٹ بولر سے ٹپس لے رہے ہیں۔

‏ اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل نوجوان فاسٹ بولر موسیٰ خان کا کہنا ہے کہ ڈیل اسٹین ورلڈ نمبر ون بولر رہ چکے ہیں، انہوں نے ہر طرز کی کرکٹ میں راج کیا ہے، ان کی موجودگی ہمارے لیے بڑی مدد گار ہے، ان سے کافی کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

‏موسیٰ خان نے بتایا کہ ڈیل اسٹین کی طرح ان کا بھی آؤٹ سوئنگ قدرتی ہے، ڈیل اسٹین نے آوٹ سوئنگ میں بڑی مہارت حاصل کی ہوئی تھی، میں ان سے اپنی آؤٹ سوئنگ کو اور بہتر کرنے کے لیے ٹپس لوں گا۔

‏انیس سالہ محمد موسیٰ خان پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔

لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے حوالے سے موسیٰ خان کا کہنا ہے کہ قلندرز کے خلاف میچ کے لیے اچھی تیاری ہے، ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان فاسٹ بولرز کے آنے سے پی ایس ایل میں اچھا مقابلہ پیدا ہوا ہے، نسیم شاہ، محمد حسنین، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بہت زبردست بولرز ہیں لیکن میرا کسی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں بلکہ میرا دھیان صرف اپنی کارکردگی پر ہوتا ہے۔

مزید خبریں :